اسلام آباد:
مقبوضہ کشمیر کے مشہور تفریحی مقام پہلگام میں فائرنگ کے ایک افسوسناک واقعے میں 26 سیاح جاں بحق ہو گئے۔ حملہ آور موقع سے فرار ہو گئے۔
وزارت خارجہ پاکستان نے واقعے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ "ہم اننت ناگ کے علاقے میں پیش آنے والے واقعے میں سیاحوں کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔”
ترجمان نے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
دوسری جانب، کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حملہ بیسرن میڈوز کے مقام پر پیش آیا جہاں سیاح قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہو رہے تھے۔
بھارتی میڈیا نے حسب روایت کسی ثبوت کے بغیر واقعے کا الزام پاکستان پر ڈال دیا، اور سوشل میڈیا پر ’’پاکستان کا ہاتھ‘‘ کی مہم چلائی گئی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارتی میڈیا کا وطیرہ ہے کہ ہر واقعے کے فوراً بعد پاکستان کو ملوث قرار دے کر اصل حقائق سے توجہ ہٹائی جاتی ہے۔