پنجاب حکومت نے ڈرگ کورٹس کو مؤثر بنانے کے لیے ان کی از سرِ نو تشکیل کا فیصلہ کر لیا۔ اس حوالے سے نیا بل پنجاب اسمبلی میں پیش کیا گیا ہے۔
بل کے مطابق نئی ڈرگ کورٹس میں ایک سیشن جج اور دو ماہرین پر مشتمل ٹریبونل قائم کیا جائے گا۔ سیشن جج کی تقرری لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کریں گے، جبکہ ماہرین کو پنجاب حکومت نامزد کرے گی، جن کا کم از کم 15 سال کا تجربہ ہونا ضروری ہوگا۔
فیصلہ صرف اُس وقت قابلِ قبول ہوگا جب تینوں ارکان موجود ہوں گے۔ یہ اقدام ڈرگ ریگولیشن، غیر قانونی فروخت اور ادویات کے معیار پر مقدمات کو جلدی نمٹانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔ بل کو متعلقہ کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا ہے جو دو ماہ میں رپورٹ پیش کرے گی۔