لاہور (ویب ڈیسک) پنجاب میں سیلابی صورتحال مزید سنگین ہوتی جا رہی ہے اور دریائے چناب کے قریب واقع شہر لودھراں میں بھی امدادی سرگرمیوں کے لیے فوج کو طلب کر لیا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق اس سے قبل لاہور، قصور، سیالکوٹ، فیصل آباد، نارووال، اوکاڑہ، سرگودھا اور حافظ آباد میں بھی فوجی دستے تعینات کیے جا چکے ہیں تاکہ ضلعی انتظامیہ کی مدد کی جا سکے اور انسانی جانوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔
حکومت پنجاب کی ہدایت پر سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن مسلسل جاری ہے۔ ضلعی انتظامیہ، پی ڈی ایم اے، سول ڈیفنس، ریسکیو اور پولیس اہلکار دن رات خدمات انجام دے رہے ہیں جبکہ 9 ہزار سے زائد سول ڈیفنس رضاکار بھی عوام کی مدد کے لیے سرگرم ہیں۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں اور شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ریسکیو و ریلیف آپریشن میں انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔









