پنجاب میں دریائے چناب، راوی اور ستلج کے بپھرنے سے صورتحال انتہائی خطرناک ہو گئی ہے۔ شدید بارشوں اور بھارت کی جانب سے پانی چھوڑنے کے نتیجے میں 1769 سے زائد گاؤں زیرِ آب آ گئے ہیں جبکہ 14 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔ کھڑی فصلیں تباہ ہو گئیں اور مال مویشی بھی پانی کی نذر ہو گئے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق جھنگ شہر کو بچانے کے لیے حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور دریائے چناب کے قریب شگاف ڈال کر پانی کا رخ موڑا گیا ہے۔ ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے کہا ہے کہ شہریوں کے انخلاء کو یقینی بنا لیا گیا ہے، فیصل آباد اور جھنگ کی ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
لاہور کے مضافاتی دیہات اور ہاؤسنگ سوسائٹیز میں بھی پانی داخل ہوا ہے تاہم متاثرہ علاقوں سے بروقت انخلاء مکمل کر لیا گیا۔ ریلیف کیمپوں میں متاثرین کے لیے کھانے پینے اور قیام کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے جبکہ ریسکیو آپریشن تیزی سے جاری ہے۔









