پنجاب میں بلدیاتی انتخابات دسمبر کے آخر میں، الیکشن کمیشن نے یونین کونسلوں کی نئی حد بندی کا شیڈول جاری کر دیا

اسلام آباد:
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات دسمبر کے آخری ہفتے میں کروانے کا فیصلہ کرتے ہوئے یونین کونسلوں کی نئی حد بندی کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق یہ عمل آئین کے آرٹیکل 222(ب) اور الیکشنز ایکٹ 2017 کے تحت مکمل کیا جائے گا۔ جاری کردہ شیڈول کے تحت انتظامی امور اور نقشوں کی تیاری 12 اکتوبر 2025 تک مکمل ہوگی، جب کہ ابتدائی حد بندی کی فہرست 1 نومبر کو جاری کی جائے گی۔
ووٹرز 2 نومبر سے 16 نومبر تک اعتراضات جمع کروا سکیں گے، جن پر ڈیلیمیٹیشن اتھارٹیز یکم دسمبر 2025 تک فیصلے کریں گی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق حتمی فہرست 8 دسمبر 2025 کو شائع کی جائے گی، جس کے بعد دسمبر کے آخری ہفتے میں بلدیاتی انتخابات منعقد ہوں گے۔
واضح رہے کہ یہ انتخابات بلدیاتی ایکٹ 2022 کے تحت کرائے جائیں گے، اور الیکشن کمیشن دو ماہ میں حلقہ بندیوں کا عمل مکمل کرنے کا پابند ہے۔

2 تبصرے ”پنجاب میں بلدیاتی انتخابات دسمبر کے آخر میں، الیکشن کمیشن نے یونین کونسلوں کی نئی حد بندی کا شیڈول جاری کر دیا

اپنا تبصرہ لکھیں