لاہور: پنجاب حکومت نے صوبے میں ماحول دوست ٹرانسپورٹ کو فروغ دینے کے لیے ای-ٹیکسی سروس شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے تحت پہلے مرحلے میں 1100 الیکٹرک گاڑیاں بلاسود اور آسان اقساط پر فراہم کی جائیں گی۔
وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ بلال اکبر خان کی زیر صدارت ہونے والے سٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس میں اس منصوبے پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ٹرانسپورٹ، پیکا، نیسپاک، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن، اور بینک آف پنجاب کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں مختلف ماڈلز کی الیکٹرک گاڑیوں، ان کی قیمتوں اور تکنیکی پہلوؤں پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ چارجنگ اسٹیشنز کی دستیابی اور دیگر بنیادی انفرااسٹرکچر پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
بلال اکبر خان نے کہا کہ ای-ٹیکسی منصوبہ صرف سفری سہولیات کو بہتر بنانے کا ذریعہ نہیں بلکہ روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کا ایک بڑا ذریعہ بھی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس سکیم کے لیے شرائط نہایت آسان رکھی جا رہی ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس سے مستفید ہو سکیں۔
وزیر ٹرانسپورٹ نے مزید کہا کہ یہ سکیم آئندہ چند ہفتوں میں باقاعدہ طور پر مشتہر کی جائے گی، جس کے بعد جدید اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔