لاہور (نمائندہ خصوصی) وزیر اطلاعات و بلدیات پنجاب عامر میر کی ہدایت پر اوور چارجنگ کرنے والے پارکنگ سٹینڈز کے خلاف سخت ایکشن لینے کا فیصلہ کر لیا گیا ،لاہور پارکنگ کمپنی کے منظور شدہ پارکنگ سٹینڈز کو مقررہ فیس کی پابندی کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ۔
صوبائی وزیر عامر میر کی ہدایت پر لاہور پارکنگ کمپنی کے تمام پارکنگ سٹیشنز کے عملہ کو وارننگ جاری کر دی گئی ہے ۔ عامر میر نے کہا کہ پارکنگ سٹیشن کے خلاف ایکشن کا فیصلہ مسلسل اور چارجنگ کی شکایات پر کیا گیا،والڈ سٹی لاہور میں واقع حویلی ہوٹل کے پارکنگ سٹینڈ پر اوور چارجنگ کی شکایت کریک ڈائون کا سبب بنی، پارکنگ میں اوور چارج کی تصدیق کے بعد ذمہ داران کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی گئی،
حویلی ہوٹل کے پارکنگ سٹینڈ کے انچارج شیر رحمان خان کو معطل کر دیا گیا ۔ انہو ں نے کہا کہ پنجاب حکومت عوامی محکموں سے کرپشن کے خاتمے کے لیے مکمل پر عزم ہے ،عوامی خدمت کرنے والے محکموں سے کرپشن کا خاتمہ بنیادی مقصد ہے،پارکنگ کی مقررہ فیس سے زیادہ وصولی کرپشن کے زمرے میں آتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سڑکوں پر ٹریفک کے بہائو کے لیے تجارتی و تفریحی مقامات پر پارکنگ سٹینڈز ناگزیر ہیں، پارکنگ سٹینڈز پر اوور چارجنگ لوگوں کو سڑکوں پر پارکنگ پر مجبور کر رہی ہے، سڑکوں پر ٹریفک جیم سے کئی قسم کے سماجی مسائل جنم لے رہے ہیں۔









