لاہور (کورٹ رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کے خلاف دائر درخواست پر اعتراض برقرار رکھتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب کی جانب سے اسمبلی توڑنے کی تصدیق شدہ ایڈوائس کو درخواست کے ساتھ لف کرنے کی ہدایت کر دی ۔
عدالت عالیہ میں جسٹس شاہد کریم نے مقامی وکیل سلمان خالد کی درخواست پر سماعت کی ۔ دائر درخواست میں وزیر اعلی پنجاب، پنجاب حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ۔ درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے اسمبلی تحلیل کرنے کے لیے سمری گورنر پنجاب کو بھیجوا دی ہے ، وزیر اعلی نے عمران خان کی ایماء پر پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کے لئے سمری بھیجی ۔
اس سے قبل چوہدری پرویز الٰہی کہہ چکے تھے کہ وہ اسمبلی تحلیل نہیں کرنا چاہتے تھے۔ معزز عدالت سے استدعا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری کو کالعدم قرار دیا جائے ۔عدالت عالیہ نے درخواست پر آفس کا اعتراض برقرار رکھتے ہوئے ہدایت کی کہ وزیر اعلی پنجاب کی جانب سے اسمبلی توڑنے کی تصدیق شدہ ایڈوائس کو درخواست کے ساتھ لف کریں اور تصدیق شدہ سمری لف کرکے دوبارہ درخواست دائر کی جائے ۔









