پشاور میں جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کے زیر اہتمام غزہ میں جاری اسرائیلی مظالم کے خلاف خواتین نے زبردست احتجاجی مارچ کیا۔ اس مارچ کی قیادت امیر جماعت اسلامی وسطی عبدالواسع اور ضلع پشاور کے امیر بحراللہ ایڈووکیٹ نے کی۔
ہشتنگری سے شروع ہونے والا یہ مارچ جی ٹی روڈ پر اختتام پذیر ہوا جس میں بچوں اور خواتین کی بڑی تعداد شریک تھی۔ مظاہرین نے فلسطینی پرچم، احتجاجی پلے کارڈز اور بچوں کی علامتی لاشیں اٹھا رکھی تھیں، جن کے ذریعے اسرائیلی جارحیت کے خلاف آواز بلند کی گئی۔
احتجاج کے دوران مظاہرین نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کو روکنے میں کردار ادا کرے۔ بحراللہ ایڈووکیٹ نے حکومت پاکستان کی خاموشی کو افسوسناک قرار دیا جبکہ عبدالواسع نے فلسطینیوں کی حمایت میں اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم شروع کرنے کا اعلان کیا۔
مارچ کے اختتام پر شہداء فلسطین کے لیے اجتماعی دعا کی گئی۔