اسلام آ باد (نیوز ڈیسک) چین نے شی چھانگ سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے کوائی زو-1 اے لانچ راکٹ کے ذریعے پاکستان کے ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ پی آر ایس ایس -01 کو کامیابی سے خلا میں روانہ کیا۔منگل کے روز وزیرمنصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے اس پیش رفت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سیٹلائٹ لانچ کے ساتھ ہمالیہ سے بلند پاک چین دوستی اب افلاک سے بھی زیادہ وسیع اور بلند ہو چکی ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے، اور سیٹلائٹ ٹیکنالوجی بنی نوع انسان کا اہم ترقیاتی آلہ بن گیا ہے۔ چین اور پاکستان کی یہ رفاقت دیوارِ چین کی مانند ہے جو تاریخ میں ہر آزمائش سے گزری ، اور اب یہ دوستی خلاء سے بھی صاف نظر آ رہی ہے۔