پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بنگلہ دیش کے خلاف ٹی20 انٹرنیشنل سیریز کے مکمل شیڈول کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت قومی ٹیم 16 جولائی کو بنگلہ دیش روانہ ہوگی۔
تین میچوں پر مشتمل یہ سیریز ڈھاکہ کے شیر بنگلہ نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔
پہلا مقابلہ 20 جولائی
دوسرا میچ 22 جولائی
تیسرا اور آخری میچ 24 جولائی
تمام میچز بنگلہ دیشی وقت کے مطابق شام 6 بجے جبکہ پاکستانی وقت کے مطابق شام 5 بجے شروع ہوں گے۔
یاد رہے کہ دونوں ٹیمیں اس سے قبل پاکستان میں قذافی اسٹیڈیم لاہور میں مدمقابل آ چکی ہیں، جہاں گرین شرٹس نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیریز میں کلین سوئپ کیا تھا۔
اس کے علاوہ اطلاعات ہیں کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈز کے درمیان سیریز کے شیڈول پر بات چیت جاری ہے۔ پی سی بی کی جانب سے تجویز دی گئی ہے کہ طے شدہ ون ڈے میچز کو ٹی20 فارمیٹ میں تبدیل کر دیا جائے۔ اس سیریز کے تحت تین ٹی20 میچز امریکا میں اور تین ون ڈے میچز ویسٹ انڈیز میں کھیلے جانے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کی توجہ اس وقت ٹی20 ورلڈ کپ اور ایشیا کپ جیسے اہم ٹورنامنٹس پر مرکوز ہے، اسی لیے ٹیم کو زیادہ سے زیادہ ٹی20 میچز کھیلنے کا موقع دیا جا رہا ہے۔