احمد آباد (سپورٹس نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے تصدیق کی ہے کہ سال 2028 ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ کی میزبانی پاکستان کرے گا تاہم بھارت اپنے تمام میچز غیر جانبدار مقام یعنی کسی اور ملک میں کھیلے گا۔ یہ فیصلہ دونوں ممالک کے درمیان موجودہ سفارتی تناﺅ کے باعث اپنائے گئے اسی ماڈل کے تحت کیا گیا ہے جو مردوں کے بڑے ایونٹس میں بھی اختیار کیا جاتا رہا ہے۔
یہ اعلان بھارت کے شہر احمد آباد میں ہونے والے آئی سی سی بورڈ اجلاس کے بعد کیا گیا جس میں عالمی کرکٹ کے نظم و نسق، خواتین کی کرکٹ کے فروغ، کھیل کے قوانین میں بہتری اور بین الاقوامی مقابلوں کے ڈھانچے سے متعلق متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔ آئی سی سی بورڈ نے چیف ایگزیکٹوز کمیٹی کی کئی سفارشات کی منظوری دی، ان میں ٹیسٹ میچز میں خراب روشنی کی صورت میں کھیل کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے دونوں ٹیموں کی باہمی رضامندی سے گلابی گیند کے استعمال کی آزمائش شامل ہے۔