لاہور (سپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق نے سابق بھارتی کپتان سنیل گواسکر کے حالیہ بیان پر سخت ردعمل دیا ہے۔
گواسکر نے پاکستان کی ٹیم کو کمزور قرار دیتے ہوئے دعوی کیا تھا کہ وہ بھارت کی بی ٹیم سے بھی مقابلہ کرنے کے قابل نہیں۔سنیل گواسکر نے ایک حالیہ انٹرویو میں آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کی موجودہ ٹیم کے لیے بھارت کی بی ٹیم کو شکست دینا بھی آسان نہیں ہوگا۔ اب انضمام الحق نے سنیل گواسکر کے اس بیان پر سخت ردعمل دیا اور انھیں اپنے الفاظ کے انتخاب میں محتاط رہنے کی تلقین کی۔
انہوں نے کہا کہ گواسکر ایک سینیئر کرکٹر ہیں، ان کی عزت کی جاتی ہے مگر کسی دوسرے ملک کی ٹیم کے بارے میں اس انداز میں بات کرنا مناسب نہیں۔سابق پاکستانی ٹیسٹ کپتان نے کہا کہ ان کو اپنے بیانات سے پہلے اعداد و شمار دیکھنے چاہییں اور سوچ سمجھ کر بات کرنی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر بھارت کی ٹیم نے اچھی کارکردگی دکھائی ہے تو انھیں اپنی ٹیم کی تعریف کرنی چاہیے مگر کسی اور ملک کی ٹیم کے بارے میں اس طرح کے الفاظ استعمال کرنا غیر ضروری ہے۔انضمام الحق نے گواسکر کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے الفاظ کا چناو درست رکھیں اور غیر ضروری تنقید سے گریز کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ ایک کھیل ہے اور اس میں ہر ٹیم کی اپنی صلاحیتیں اور کمزوریاں ہوتی ہیں مگر کسی ٹیم کو سرِ عام کمتر قرار دینا مناسب رویہ نہیں ہے۔









