اسلام آباد(نیوز رپورٹر ) وفا قی وزیر قانون وانصاف اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان میں تمام مذہبی برادریوں کو آئین کے تحت تحفظ حاصل ہے ،قومی کمیشن برائے اقلیت بل اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے متعارف کرایا گیا ہے ۔
وزارت قانون وانصاف کے ترجمان کے مطابق وفاقی وز یر قانو ن سے پاکستان میں نیدرلینڈ کی سفیر ہینی فوکل ڈی وریز نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں قانون سازی، پالیسی اصلاحات ، اور انسانی حقوق کو فروغ دینے اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مستحکم کرنے کے لئے باہمی تعاون کی کوششوں پر گفتگو کی گئی۔
سفیر نے انسانی حقوق کے ایجنڈے کو نافذ کرنے میں پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کیا۔اسفیر نے وزیر کو اپریل میں ڈچ ہاکی کے لیجنڈ فلوریس جان بوولینڈر کے آئندہ دورے کے بارے میں بھی بتایا ۔ اس موقع پر کھیلوں کی سفارت کاری کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا ۔سفیر نے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں کھیلوں کے کردار کو تسلیم کرتے ہوئے متعلقہ سرگرمیوں میں حصہ لینے کی دعوت دی۔ بین الاقوامی سطح پر باہمی مفادات کو آگے بڑھانے کے نیدرلینڈ کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔









