اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) پاکستان سکھ گردوارہ پربندھک کمیٹی کے وفد نے جمعرات کے روز وزیر مذہبی امور انیق احمد سے انکے دفتر میں ملاقات کی۔
وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمدنے کہا کہ پاکستان میں بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے ملکر کردار ادا کرنا ہو گا۔ پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں کی فلاح و بہبود کیلئے وزارت کے دروازے کھلے ہوئے ہیں،یہ بات نہایت احسن ہے کہ پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتیں ملکی ترقی میں شانہ بشانہ کردار ادا کر رہی ہیں۔
پربندھک کمیٹی نے کہا کہ ریاست ِ پاکستان کی سکھ برادری کیلئے اٹھائے گئے اقدامات لائق تحسین ہیں۔ پاکستانی سکھ ملکی تعمیر و ترقی ، دفاع سمیت مختلف شعبہ جات میں اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں ۔ دنیا بھر کے سکھوں کے نزدیک پاکستان کی سرزمین انتہائی مقدس ہے یہاں سے سکھ مذہب کی ابتدا ہوئی اور بابا گرو نانک نے اپنی زندگی کے آخری ایام بھی یہیں گذارے۔
سکھ وفد نے نگران وزیر مذہبی امور کو وزارت کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی اور اپنی بھرپور حمایت کا یقین دلایا۔ وفد میں پاکستان سکھ گرودوارہ پربندھک کمیٹی کے صدر سردار امیر سنگھ، جنرل سیکرٹری سردار ویکاس سنگھ، سابق صدر ستونت سنگھ، ڈاکٹر ممپال سنگھ، سربت سنگھ، راوندر سنگھ، بابا ہرمیت سنگھ، انرجیت سنگھ، ساگر سنگھ، متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین سید عطا الرحمن اور ایڈیشنل سیکرٹری شرائن رانا شاہد شریک تھے ۔









