لاہور(نیوز ڈیسک)قائمقام صدرِ مملکت سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان خطے اور عالمی سطح پر امن، مفاہمت اور مکالمے کے فروغ میں ایک ذمہ دار اور فعال کردار ادا کر رہا ہے،دنیا تیزی سے بدل رہی ہے اور ہمیں نئے عالمی تقاضوں کے مطابق خود کو ہم آہنگ کرنا ہوگا،آرٹی فیشل انٹیلی جنس ،ماحولیاتی تبدیلی، ڈیجیٹل معیشت اور گلوبلائزیشن جیسے عوامل نوجوانوں کے لیے نئے مواقع اور چیلنجز لے کر آئے ہیں ،گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور عظیم علمی، فکری اور تاریخی روایت کی امین درسگاہ ہے،
نئی نسل کو اپنے تجربات منتقل کرنے کیلئے اولڈ راوینز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام مربوط اور موثر مینٹور شپ نیٹ ورک قائم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے،نئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جدید تعلیم اور عملی رہنمائی نا گزیر ہے،دنیا تیزی سے بدل رہی ہے اور ہمیں نئے عالمی تقاضوں کے مطابق خود کو ہم آہنگ کرنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اولڈ راوینز ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام منعقدہ سالانہ عشائیہ سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ،وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال،وفاقی وزیر برائے آبی وسائل معین وٹو، ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری شہباز احمد شیخ اورمختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے اولڈ راوینز کی بڑی تعداد موجود تھی۔ قائمقام صدر مملکت یوسف رضاگیلانی نے کہا کہ وہ اس تقریب میں کسی سرکاری عہدے کے بجائے ایک اولڈ راوین کے طور پر شریک ہوئے ہیں اور اس ادارے سے وابستگی ان کے لیے کسی بھی منصب سے بڑھ کر اعزاز کی حامل ہے۔انہوں نے مشہور فارسی کہاوت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جو دریا سے نکلتا ہے وہ واپس دریا میں ہی آتا ہے اور آج مجھے ایسا محسوس ہو رہا ہے جیسے میں اپنے اسی دریا میں واپس آگیا ہوں۔ ان راہداریوں میں جہاں کبھی ہماری ہنسی گونجتی تھی،ان لانز میں جہاں ہم دنیا بدلنے کے خواب دیکھتے تھے،
اس عظیم ادارے میں جس نے صرف ہمارے کیریئر ہی نہیں بلکہ ہماری شخصیت کو بھی تشکیل دیا۔شرکا ء کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ سب کو دیکھنا ایسا ہے جیسے پرانی یادوں کی کوئی خوبصورت کتاب کھل گئی ہو،ہر چہرہ ایک کہانی سناتا ہے،ہر مسکراہٹ ایک یاد تازہ کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے ایامِ طالب علمی کی یادیں آج بھی ان کے دل میں تازہ ہیں جہاں نہ صرف تعلیم حاصل کی بلکہ زندگی کے بنیادی اصول بھی سیکھے۔انہوں نے کہا کہ جی سی یو نے طلبہ کو آزادانہ سوچ، برداشت اور اختلافِ رائے کا احترام سکھایا جو آج کے منقسم عالمی ماحول میں نہایت اہم ہیں۔ سید یوسف رضا گیلانی نے اپنے طالب علمی کے دور کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہاسٹل کی زندگی، دوستوں کے ساتھ رات گئے تک جاری رہنے والے مباحثے، چائے کی محفلیں،کھیل،ادبی و ثقافتی سرگرمیاں اور مختلف موضوعات پر ہونے والی گفتگو نے نہ صرف ان کے علم میں اضافہ کیا بلکہ ان کی شخصیت سازی میں بھی اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ یہی وہ تجربات ہیں جو طلبہ کو عملی زندگی کے چیلنجز کا سامنا کرنے کے قابل بناتے ہیں۔گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ادارہ محض ایک تعلیمی مرکز نہیں بلکہ ایسا فکری ماحول فراہم کرتا ہے جہاں طلبہ کو آزادانہ سوچنے،سوال کرنے، دلیل دینے اور اختلافِ رائے کو برداشت کرنے کی تربیت دی جاتی ہے، یہی اقدار کسی بھی مہذب معاشرے کی بنیاد ہوتی ہیں اور آج کے دور میں ان کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اس ادارے نے ملک کو متعدد اہم سیاسی رہنما فراہم کئے جن میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف،سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف،ظفراللہ خان جمالی،معین الدین احمد قریشی،ڈپٹی وزیراعظم محمد اسحاق ڈار،وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ اور دیگر اہم شخصیات شامل ہیں۔
قائمقام صدر یوسف رضاگیلانی نے کہا کہ دنیا تیزی سے بدل رہی ہے اور ہمیں نئے عالمی تقاضوں کے مطابق خود کو ہم آہنگ کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس،ماحولیاتی تبدیلی، ڈیجیٹل معیشت اور گلوبلائزیشن جیسے عوامل نوجوانوں کے لیے نئے مواقع اور چیلنجز لے کر آئے ہیں جن سے نمٹنے کے لیے جدید تعلیم اور عملی رہنمائی ناگزیر ہے۔انہوں نے اولڈ راوینز ایسوسی ایشن پر زور دیا کہ وہ ایک مربوط اور موثر مینٹورشپ نیٹ ورک قائم کرے جس کے ذریعے سینئر راوینز اپنے تجربات اور مہارتیں نئی نسل کو منتقل کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے طلبہ کو نہ صرف پیشہ ورانہ رہنمائی ملے گی بلکہ ان کی شخصیت میں اعتماد اور قیادت کی صلاحیتیں بھی فروغ پائیں گی۔انہوں نے کہا کہ ہمیں بطور راوینز اپنی مادرِ علمی کے ساتھ تعلق کو مزید مضبوط بنانا ہوگا اور اس کی ترقی و بہتری کے لیے عملی اقدامات اٹھانے ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ اجتماعی کوششوں کے ذریعے ہی ہم اس ادارے کو آنے والے سو برسوں تک بھی ایک ممتاز تعلیمی مرکز کے طور پر برقرار رکھ سکتے ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اولڈ راوینز ایسوسی ایشن کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ یہ پلیٹ فارم نہ صرف سابق طلبہ کو ایک دوسرے سے جوڑے رکھتا ہے بلکہ ادارے کے ساتھ ان کے تعلق کو بھی مستحکم بناتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسی تقریبات ماضی کی یادوں کو تازہ کرنے کے ساتھ ساتھ مستقبل کے لیے نئے عزم کو بھی جنم دیتی ہیں۔
انہوں نے دوستی اور وابستگی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وقت اور فاصلے کے باوجود حقیقی رشتے قائم رہتے ہیں اور یہی رشتے انسان کو مشکل حالات میں حوصلہ دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اولڈ راوینز ایسوسی ایشن اسی جذبے کی عملی مثال ہے جو اپنے اراکین کو ایک مضبوط بندھن میں جوڑے رکھتی ہے۔قائم مقام صدر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور اور اس کے طلبہ کی ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے اور اس ادارے کی روایات کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ انہوں نے ایک برازیلین مصنف کی دو دوستوں کی کہانی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایک دوست کو سرد رات پہاڑ کی چوٹی پر گزارنی تھی،دوسرے نے کہاکہ میں سامنے والے پہاڑ پر آگ جلائے رکھوں گا تم اسے دیکھنا اور ہماری دوستی کو یاد کرنا یہی تمہیں گرم رکھے گی۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ یہی ہماری اولڈ راوینز ایسوسی ایشن ہے،ایک ایسی آگ جو سالوں اور فاصلے کے باوجود جلتی رہتی ہے،یہ دوستی کی آگ کبھی نہیں بجھتی۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اب مئی2025 کو دیکھیں،اس واقعے (پلوامہ)کو ایک سال ہو چکا ہے۔ اس کے بعد بھارت نے مئی میں پاکستان پر بلا اشتعال حملہ کیاجس کے جواب میں پاکستان نے ایک ذمہ دار ایٹمی ریاست ہونے کے ناطے تحمل کا مظاہرہ کیا۔ہمارا موقف عالمی برادری نے سمجھا اور تسلیم کیا،ہم نے دنیا کو دعوت دی کہ آ کر آزادانہ تحقیقات کرے جبکہ بھارت کا بیانیہ عالمی سطح پر مسترد کر دیا گیا۔پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی ریاست ہے اور اس نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ کالج کے کئی افراد وزیراعظم کے منصب تک پہنچے،مجھے بطور طالب علم گورنمنٹ کالج لاہور یہ اعزاز حاصل ہے کہ میں وزیراعظم،چیئرمین سینیٹ اور صدرِ پاکستان کے عہدوں پر فائز رہ چکا ہوں۔ پنجاب یونیورسٹی کے ایک پروگرام میں مجھے بتایا گیا کہ پنجاب یونیورسٹی سے صرف ایک ہی گریجویٹ وزیراعظم بنا اور وہ بھی یوسف رضا گیلانی تھے۔انہوں نے اپنی کتاب آرہی ہے چاہ یوسف سے صدا کا بھی ذکر کیاجو انہوں نے قید کے دوران تحریر کی۔انہوں نے اولڈ راوینز ایسوسی ایشن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی تقریبات سے پرانے تعلقات کو نئی زندگی ملتی ہے اور ادارے کے ساتھ وابستگی مزید مضبوط ہوتی ہے۔انہوں نے دعا کی کہ جی سی یو لاہور مستقبل میں بھی علم و قیادت کا مرکز بنا رہے۔انہوں نے اپنے خطاب کا اختتام پاکستان پائندہ باد کے نعرے سے کیا۔تقریب میں اولڈ راوینز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری شہباز احمد شیخ نے شرکا کو خوش آمدید کہا جبکہ نائب صدر شیرین اسد نے ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کا پیغام سنایا۔
٭٭٭٭٭












