اسلام آباد:
پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کے درمیان اہم ٹیلیفونک گفتگو ہوئی، جس میں خطے کی مجموعی صورتحال اور باہمی تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ دوستانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
گفتگو کے دوران خطے میں جاری سیاسی و سیکیورٹی پیش رفت، اور باہمی دلچسپی کے امور پر گہری بات چیت ہوئی۔
یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ پہلگام میں پیش آئے فالس فلیگ آپریشن کے بعد بھارت کی جانب سے جارحیت اور پاکستان کے آپریشن ‘بنیان مرصوص’ کے تناظر میں بڑھنے والی کشیدگی کو کم کرنے میں سعودی عرب نے مصالحتی کردار ادا کیا تھا۔ اس ضمن میں سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ عادل الجبیر نے پاکستان اور بھارت کے ہنگامی دورے بھی کیے تھے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان امن کی کوششوں کو تقویت دی جا سکے۔