اسلام آباد (نیوز رپورٹر )پاکستان اور بھارت کے درمیان ایل او سی پر امن کا بند دروازہ چھ سال بعد کھل گیا۔کمان امن سیتو(امن کا پل) ، جسے فرینڈشپ بریج بھی کہا جاتا ہے، حال ہی میں دو لاشوں کو انڈیا واپس بھیجنے کے لیے کھولا گیا۔
یہ پل مقبوضہ کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے اوڑی علاقے میں واقع ہے۔ پل کو اس وقت کھولا گیا جب اوڑی سے تعلق رکھنے والے ایک لڑکے اور لڑکی دریائے جہلم میں ڈوب کر ہلاک ہوگئے۔دریا کی تیز لہروں کی وجہ سے ان کی لاشیں آزاد جموں و کشمیر میں ملیں، اس کے نتیجے میں کمان امن سیتو کے دروازے، جو چھ سال سے بند تھے، کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔
یہ پل پہلی بار 2005 میں ایل او سی کے دونوں طرف رہنے والے خاندانوں کی آمدورفت کے لیے کھولا گیا تھااس کے ذریعے سرحد پار تجارت کا آغاز 2008 میں ہوا، یہ پل سرحد سے جدا ہونے والے ہزاروں خاندانوں کو جوڑتا ہے۔









