پاکستان اور بنگلادیش کے تعلقات میں مثبت پیش رفت سامنے آئی ہے۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے حالیہ دورۂ ڈھاکا کے دوران دونوں ممالک نے متعدد معاہدے کیے ہیں جن میں سب سے اہم فیصلہ سرکاری اور سفارتی پاسپورٹ ہولڈرز کے لیے ویزا کی شرط ختم کرنا ہے۔
بنگلہ دیشی وزارتِ خارجہ کے مطابق ملاقاتوں میں تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ پاکستان نے بنگلہ دیشی طلبا کے لیے "پاکستان-بنگلہ دیش کوریڈور” کے تحت 500 اسکالر شپس دینے کا اعلان کیا ہے، جن میں ایک چوتھائی طب کے شعبے کے لیے مخصوص ہوں گی۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان 100 بنگلہ دیشی سول سرونٹس کو تربیت دے گا جبکہ 40 افراد کے لیے جدید طبی سہولت اور اعضا کی پیوندکاری کی سہولت فراہم کرے گا۔ اس کے علاوہ دونوں ممالک کی خارجہ سروس اکیڈمیز اور تھنک ٹینکس کے درمیان بھی تعاون کے معاہدے طے پائے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ اقدامات پاکستان اور بنگلادیش کے تعلقات کو ایک نئی سمت دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔









