لاہور (سپورٹس ڈیسک)نیوزی لینڈ کے خلاف تیسری ٹی ٹوئنٹی میں محض 14 گیندوں پر 27 رنز بنانے والے فہیم اشرف نے کہا ہے کہ قومی ٹیم میں لڑکے فیل ہونے کے ڈر سے نہیں، جیتنے کے لیے کھیل رہے ہیں۔
ایک انٹرویومیں قومی آل راؤنڈر نے کہا کہ افتخار احمد کے ساتھ یہی گفتگو کی تھی کہ ہم نے باؤنڈریز کی کوشش کرنی ہے، پیچھے وکٹس نہیں تھیں تو ہمیں ہر اوور میں ایک سے دو باؤنڈریز نکالنی تھیں۔فہیم اشرف نے کہا کہ وکٹس پیچھے نہ ہونے پرمشکل تو ہوتی ہے لیکن کریز پر ریلیکس ہوجاتے ہیں، افتخار احمد کے ساتھ بھی یہی بات ہوئی کہ ہم دو ہی ہیں اور میچ فنش کرنا ہے، ہم نے یہ نہیں سوچنا کہ پیچھے کوئی ہے یا نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم کے ماحول اور اس کے اعتماد کی بدولت ہی ایسا ممکن ہوتا ہے،پاکستان ٹیم میں لڑکے فیل ہونے کے ڈر سے نہیں، جیتنے کے لیے کھیل رہے ہیں۔فہیم اشرف نے کہا کہ انٹرنیشنل اور لیگ کرکٹ میں چیلنج مختلف ہوتا ہے، ورلڈ کلاس ٹیمیں سامنے ہوتی ہیں،کوشش ہے آخری دو میچزز جیتیں اور سیریز اپنے نام کریں۔کرکٹر نے کہا کہ کراؤڈ کی وجہ سے ہی پاکستان کرکٹ ٹیم اتنا اچھا کرکٹ کھیلی ہے۔