اسلام آباد (نیوز رپورٹر )وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستانی نوجوانوں میں زندگی کے تمام شعبوں میں اپنا لوہا منوانے اور ملک کا نام روشن کرنے کی صلاحیت موجود ہے، ہم اپنے نوجوانوں کو عالمی مارکیٹ کے تقاضوں کے مطابق صلاحیتوں سے آراستہ کرنے کے لیے پر عزم ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف سے یونیورسٹی آف لندن کی وائس چانسلر وینڈی تھامسن نے ملاقات کی۔ وینڈی تھامسن نے وزیراعظم شہباز شریف کو ملک میں تعلیم کے فروغ کے لیے حالیہ اقدامات پر خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستانی شہری یونیورسٹی آف لندن اور دیگر معروف بین الاقوامی تعلیمی اداروں سے تعلیم حاصل کرنے کے بعد عالمی مارکیٹ میں اہم خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔
پاکستانی نوجوانوں میں زندگی کے تمام شعبوں میں اپنا لوہا منوانے اور ملک کا نام روشن کرنے کی مکمل استعداد موجود ہے۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان نوجوانوں کو میرٹ کی بنیاد پر بیرون ملک اسکالرشپ اور ملازمت کے لیے بھیجنے کے لیے متعدد پروگرام متعارف کر چکی ہے اور نئی حکمت عملیوں پر کام جاری ہے۔ہم اپنے نوجوانوں کو عالمی مارکیٹ کے تقاضوں کے مطابق صلاحیتوں سے آراستہ کرنے کے لیے پر عزم ہیں۔ ملاقات میں وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر اقتصادی اور احد خان چیمہ اور متعلقہ اداروں کے اعلی افسران شریک تھے۔









