اسلام آباد کی ضلعی و سیشن عدالت میں زیرِ سماعت نوجوان ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے قتل کیس میں فیڈرل پراسیکیوٹر نے اہم قدم اٹھا لیا ہے۔ کیس کو مضبوط بنانے اور مؤثر انداز میں عدالت میں پیش کرنے کے لیے دو رکنی خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق اس ٹیم میں ڈپٹی ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر عدنان علی اور راجہ نوید کیانی شامل ہیں۔ یہ دونوں پراسیکیوٹرز نہ صرف تفتیشی افسر کی معاونت کریں گے بلکہ کیس کے چالان کی تیاری اور جانچ پڑتال بھی انجام دیں گے تاکہ عدالت میں ٹھوس شواہد کے ساتھ مقدمہ پیش کیا جا سکے۔
ٹیم کی تعیناتی کا بنیادی مقصد کیس کے قانونی پہلو کو مزید مؤثر بنانا اور مجرم کو قرار واقعی سزا دلوانا ہے۔ قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے اقدامات کیس کے فیصلے پر مثبت اثر ڈال سکتے ہیں۔