اسلام آباد کی عدالت نے ٹک ٹاکر ثناء یوسف کے قتل کے الزام میں گرفتار عمر حیات کو جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد جیل بھیج دیا ہے۔ پولیس نے تین روزہ تفتیش کے بعد ملزم کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں پیش کیا، جہاں جوڈیشل مجسٹریٹ محمد حفیظ نے سماعت کی۔
پراسیکیوشن نے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا نہیں کی، جس پر عدالت نے ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا۔ دورانِ سماعت ملزم کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ میڈیا میں کیس کو غیر معمولی شہرت دی گئی ہے اور ملزم کو والدین سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ عدالت نے واضح کیا کہ اب ملزم جیل میں ہے، جہاں ملاقات کی اجازت جیل قوانین کے مطابق دی جائے گی۔
یاد رہے کہ عمر حیات پر الزام ہے کہ اس نے اسلام آباد میں ٹک ٹاکر ثناء یوسف کو اُس کے گھر میں گھس کر فائرنگ کر کے قتل کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ملزم کا تعلق فیصل آباد سے ہے اور یہ واردات ذاتی دشمنی کے سبب کی گئی۔