کراچی کی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت شرقی میں 13 کروڑ روپے ڈکیتی کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ عدالت نے ملزمان شہروز اور نمرا کی ضمانت منظور کر لی، جبکہ شہریار اور یسرا کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی گئی۔
عدالتی فیصلے کے مطابق شہروز اور نمرا کو فی کس ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔ دوسری جانب یسرا، جو ایک مشہور ٹک ٹاکر اور انسٹاگرام انفلوئنسر ہیں، اور شہریار کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ہے۔
استغاثہ کے مطابق یہ واقعہ 26 جون کو پیش آیا تھا، جب ملزمان نے فیروز آباد تھانے کی حدود میں ایک کار شوروم مالک کے گھر میں گھس کر مبینہ طور پر 13 کروڑ روپے کی ڈکیتی کی تھی۔ واقعے کے بعد مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کی گئیں، جن میں متعدد اہم شواہد سامنے آئے۔









