راولپنڈی:
لائسنس بنوانے کے لیے ٹریفک آفس آنے والے شہری کو انوکھا جھٹکا اس وقت لگا جب اس کی نئی موٹر سائیکل دفتر کے باہر سے چوری ہوگئی۔
واقعہ کے مطابق ڈھوک چوہدریاں کے رہائشی ملک نقاش کو ٹریفک وارڈن نے قاسم مارکیٹ کے قریب روکا اور لائسنس نہ ہونے پر اسے لرنر لائسنس بنوانے کے لیے ٹریفک آفس لے گیا۔ شہری نے موٹر سائیکل باہر کھڑی کی، واپسی پر وہ غائب تھی۔
شہری نے پولیس کو بتایا کہ اس نے موٹر سائیکل کسی محفوظ جگہ کھڑا کرنے کی درخواست کی تھی، مگر وارڈن نے تسلی دی کہ کچھ نہیں ہوگا۔ 2 لاکھ روپے مالیت کی نئی موٹر سائیکل کی چوری پر شہری شدید پریشان ہے۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ متاثرہ شخص نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے چور کی شناخت اور موٹر سائیکل کی بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔