امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مختلف ممالک پر بھاری تجارتی ٹیرف (ٹیکس) عائد کرنے کے بعد سعودی اسٹاک مارکیٹ میں اتوار کو شدید مندی دیکھنے کو ملی، جو پچھلے پانچ سالوں کی سب سے بڑی یومیہ گراوٹ بن گئی۔
سعودی اسٹاک ایکسچینج 6.78 فیصد کی کمی کے ساتھ بند ہوئی، جس کا مطلب تھا کہ مارکیٹ 800 سے زائد پوائنٹس گر گئی۔ اس دن آرامکو سمیت بڑی کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں نمایاں کمی آئی۔
آرامکو کے حصص میں 6.2 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جس سے اس کی مجموعی مارکیٹ ویلیو میں 340 ارب ریال کا نقصان ہوا۔ اقتصادی خبر رساں ادارے الاقتصادیہ کے مطابق ایک دن میں 500 ارب ریال (تقریباً 133 ارب ڈالر) کا نقصان ہوا۔
ٹرمپ نے پاکستان سمیت کئی ترقی پذیر ممالک پر 29 فیصد تک کا ٹیرف عائد کیا ہے، جس کے نتیجے میں یورپ اور ایشیا کی مارکیٹس بھی مندی کا شکار ہیں۔ ماہرین کے مطابق عالمی مارکیٹوں میں مزید گراوٹ کا امکان ہے۔