ایران پر ممکنہ حملے کے خدشات اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تہران خالی کرنے کی وارننگ نے دنیا کو ہلا کر رکھ دیا ہے، لیکن امریکی کانگریس کی ایرانی نژاد رکن یاسمین انصاری نے اس بیان کو کھلے الفاظ میں مسترد کر دیا ہے۔
یاسمین انصاری، جو حال ہی میں امریکی ایوانِ نمائندگان میں شامل ہونے والی دوسری ایرانی نژاد خاتون ہیں، نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "X” پر ٹرمپ کے بیان کو "ظالمانہ اور ہولناک” قرار دیتے ہوئے کہا کہ تہران کوئی میدانِ جنگ نہیں، بلکہ ایک کروڑ سے زائد انسانوں کا گھر ہے۔
ان کا کہنا تھا: "ایرانی عوام یقینی طور پر آزادی اور حقوق کے مستحق ہیں، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہم معصوم شہریوں کی لاشوں کے ڈھیر لگائیں یا ایک اور طویل اور خونریز جنگ کو دعوت دیں۔”
یاسمین کے اس ردعمل نے واشنگٹن کے سیاسی ایوانوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے، جبکہ عالمی سطح پر بھی ٹرمپ کے جنگی لہجے پر سخت تشویش پائی جا رہی ہے۔