واشنگٹن:
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر جنوبی ایشیا میں اپنی "امن کوششوں” کا ڈھنڈورا پیٹ دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے عوام بے پناہ صلاحیتوں کے حامل ہیں اور اس کی قیادت بھی غیرمعمولی ہے۔
وائٹ ہاؤس میں جنوبی افریقا کے صدر سیرل راما فوسا سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ پاکستان اور بھارت کے مابین کشیدہ صورتحال ختم کرنے میں ان کی مداخلت فیصلہ کن ثابت ہوئی۔
انہوں نے کہا، "میں نے دونوں ممالک کو خبردار کیا کہ یہ تم لوگ کیا کر رہے ہو؟ حالات بہت سنگین ہو رہے تھے۔ پاکستان کے لوگ زبردست ہیں، قیادت مثالی ہے۔ اور مودی میرا اچھا دوست ہے۔”
صدر ٹرمپ نے مزید انکشاف کیا کہ امریکا ان دونوں ممالک کے ساتھ اہم تجارتی اور سفارتی معاہدوں پر کام کر رہا ہے اور واشنگٹن خطے میں امن کے قیام کے لیے فعال کردار ادا کرتا رہے گا۔
یاد رہے کہ 10 مئی کو ٹروتھ سوشل پر جاری ایک پوسٹ میں ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ پاکستان اور بھارت جنگ بندی پر متفق ہو گئے ہیں، اور اس میں ان کی کوششیں کلیدی رہیں۔
تاہم بھارت نے ان دعوؤں کو رد کرتے ہوئے تین دن قبل بھارتی سیکریٹری خارجہ وکرم مسری کے ذریعے پارلیمانی کمیٹی کو آگاہ کیا کہ فائر بندی ایک دوطرفہ عمل تھا، اور امریکا کا اس میں کوئی کردار نہیں تھا۔