شکاگو(انٹرنیشنل نیوز)امریکا کی شکاگو یونیورسٹی کے پروفیسر رابرٹ پیپ نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے ساتھ تاریخ کے خطرناک ترین عسکری جال میں پھنس چکے ہیں۔عرب میڈیا کو دئیے گئے انٹرویو کے دوران پروفیسر رابرٹ پیپ نے کہا ہے کہ امریکی فضائی اور بحری حملوں سے ٹرمپ کو وقتی فوجی کامیابیاں ضرور ملیں لیکن اس جنگ میں کودنے سے وہ اپنے کسی بھی بڑے مقصد میں کامیاب نہیں ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ جنگ کے بعد ایران پہلے سے زیادہ مضبوط ہو کر ابھرا ہے۔پروفیسر رابرٹ پیپ کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاس اب صرف 2 راستے ہیں، یا تو ایران کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کو تسلیم کریں یا پھر جنگ کو مزید وسعت دیں۔ پروفیسر رابرٹ پیپ کے بقول صدر ٹرمپ کے پاس تیسرا کوئی راستہ موجود نہیں ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ فضائی اور بحری طاقت کی محدود افادیت سامنے آنے کے بعد صدر ٹرمپ زمینی کارروائی کی جانب بھی جا سکتے ہیں تاکہ وسط مدتی انتخابات سے قبل کوئی علامتی کامیابی حاصل کی جا سکے۔