اسلام آباد(کورٹ نیوز )اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیئے ہیں کہ ریٹائرڈ ججز نے زیادہ بیڑا غرق کیا ہوا ہے، ریٹائرڈ ججز کو ٹربیونلز میں جانے کا زیادہ شوق ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں پی ٹی اے ٹربیونل کے ممبر فنانس کی عدم تعیناتی کے کیس کی سماعت ہوئی، جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ 18 مئی تک ممبر فنانس کو تعینات نہ کیا گیا تو وزیراعظم پیش ہوں۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ عدم تعیناتی پر وزیراعظم آ کر بتائیں کہ ٹربیونل کے ممبر فنانس کی تعیناتی کیوں نہیں ہوئی؟ سیکرٹری اور سیکرٹری کیبنٹ بھی عدالت پیش ہوں۔اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے بتایا کہ ایک ریٹائرڈ جج ٹریبیونل کے ممبر تعینات ہوئے ہیں، اس پر جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیئے کہ ریٹائرڈ ججز نے زیادہ بیڑا غرق کیا ہوا ہے، ریٹائرڈ ججز کو ٹریبونلز میں جانے کا زیادہ شوق ہے۔جسٹس محسن کیانی نے کہا کہ کسی کا دل چاہتا ہے تو این آئی آر سی میں لگ جاتا ہے تو کوئی کسی اور ٹربیونل میں لگ جاتا ہے۔












