اسلام آباد(نیوز رپورٹر ) وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ایم ایف اسٹاف لیول معاہدے پر کابینہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ پاکستان کی معاشی صورتحال کی بہتری کا عکاس ہے، جلد مہنگائی میں کمی کے حوالے سے بڑا پیکج لا رہے ہیں ۔
وزیر اعظم کی زیر صدارت بدھ کو وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ملکی سیاسی و معاشی صورتحال سمیت 12 نکاتی ایجنڈے پر غور کیاگیا ۔ذرائع کے مطابق اجلاس کے آغاز پر کابینہ نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی والدہ محترمہ کے انتقال پر افسوس اور ان کے ایصال ثواب کیلئے دعا بھی کی۔
کابینہ اجلاس کے دوران وزیراعظم نے آئی ایم ایف اسٹاف لیول معاہدے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ پاکستان کہ معاشی صورتحال کی بہتری کا عکاس ہے۔وزیراعظم نے معاشی ٹیم کو شاباش دی اور ان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ جلد مہنگائی میں کمی کے حوالے سے بڑا پیکج لا رہے ہیں، عوام جلد مہنگائی میں کمی کے ثمرات دیکھے گی۔