اسلام آباد (نیوز ڈیسک )وفاقی بجٹ کے حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی تکنیکی کمیٹی نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت کام کرے گی۔
میڈیارپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی اور حکومت کی تکنیکی کمیٹی اپنی سفارشات وزیراعظم شہباز شریف اور بلاول بھٹو کو پیش کرے گی۔ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب بھی مشاورت کےلئے تکنیکی کمیٹی میں شرکت کریں گے۔ اس کے علاوہ تکنیکی کمیٹی پیپلز پارٹی کے ساتھ دیگر بجٹ کے تمام تصفیہ طلبامور پر بھی بات چیت کرے گی، تکنیکی کمیٹی میں احسن اقبال، رانا ثنا اللہ، اعظم نذیرتارڑ ،بلال اظہر کیانی بھی معاونت کرینگے۔ پیپلز پارٹی سے مراد علی شاہ، شیری رحمان، نوید قمر، سلیم مانڈوی والا اور جام خان شورو مشاورت کا حصہ ہوں گے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار مالیاتی امور کیلئے وزارت خزانہ کے متعلقہ حکام کو طلب کرسکیں گے، وزارت خزانہ کے مختلف شعبہ جات کے ڈی جیز کو بھی معاونت کیلئے طلب کیا جاسکے گا۔علاوہ ازیں گلگت بلتستان میں حالیہ انتخابات کے بعد حکومت سازی کیلئے کوششیں شروع کردی گئیں ہیں، پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی اتحادی حکومت بننے کا قوی امکان ہے۔