لاہور(نمائندہ خصوصی) نگران وزیر اطلاعات و بلدیات عامر میر کی ہدایت پر میٹرو پولیٹن کارپوریشنز لاہور کے 44 ملازمین کو ان کے عہدوں سے ہٹا دیا گیا۔
ہٹائے گئے ملازمین پر کرپشن اور نااہلی کے الزامات تھے۔سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر ارشاد نے احکامات جاری کر دئیے۔جن ملازمین کے خلاف ایکشن لیا گیا ہے ان میں 13 گینگ مین، 6 کلرک ،17 نائب قاصد ،8 بیلدار، ہیلپر اور ٹریسرز شامل ہیں جو کرپٹ مافیا کو معاونت مہیا کرتے تھے۔
عامر میر نے وارننگ جاری کر تے ہوئے کہا کہ محکمے میں مدت سے ایک ہی عہدے پر تعینات لوگ مافیا بن چکے تھے،بار بار شکایات کے باوجود ان کے خلاف نہ کوئی ایکشن ہوا اور نا کوئی انکوائری کی گئی،عوامی شکایات پر محکمہ لوکل گورنمنٹ میں آپریشن کلین اپ شروع کیا ہے،
ہٹائے گے ملازمین کی بد اعمالیوں نے محکمے کی ساکھ کو نقصان پہچایا،جائز کام کروانے کے لیے عوام کو لوٹنے والوں کا محاسبہ ہوگا،کوشش ہے کہ محدود اختیارات سے قطع نظر بلدیہ کے تمام اداروں کو کرپشن فری بنایا جائے۔









