لاہور(زاہد انجم سے)وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقو ی کی ہدایات پر لاہور جنرل ہسپتال میں زیر علاج شہری فہد کے دونوں بازوؤں کا کامیاب آپریشن مکمل ہو گیا جس کے بعد مذکورہ شہری کو ہسپتال سے ڈسچارج کر کے گھر بھجوا دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ 28سالہ فہد عارف والا ضلع پاکپتن کا رہائشی تھا جس کے وادی نیلم میں ٹریفک حادثے کے نتیجے میں دو نوں بازو بُری طرح فریکچر ہوئے تھے اور اسے تشویشناک حالت میں وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر 4مئی کو ایل جی ایچ منتقل کیا گیا،جہاں پروفیسر میاں محمد حنیف کی سربراہی میں مذکورہ شہری کے بازوؤں کے کامیاب آپریشن کیے۔
پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر نے علاج معالجہ کی بذات خود نگرانی کی اور کامیاب آپریشن پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جنرل ہسپتال کے با صلاحیت ڈاکٹروں نے ایک مرتبہ پھر اس ادارے کو سٹیٹ آف دی آرٹ ثابت کیا ہے جہاں فہد کے دونوں بازوؤں کو جدید طریقہ علاج سے کم سے کم وقت میں آپریشن کر کے نارمل بنایا گیا ہے اور اب یہ شہری علاج مکمل ہونے پر اپنے گھر کو روانہ ہو چکا ہے۔
اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے فہد کے عزیزو رشتہ داروں کا کہنا تھا کہ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے بر وقت اقدام اٹھا کر فہد کو ساری عمر کی معذوری سے بچا لیا ہے جس پر ہم سب اُن کے تہہ دل سے مشکور ہیں۔انہوں نے پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر،ہسپتال انتظامیہ اور ڈاکٹرز کی طرف سے مفت اور معیار ی طبی سہولتوں کی فراہمی پر بھی شکریہ ادا کیا اور اُن کی طرف سے مہیا کردہ تعاون کو یادگار قرار دیا۔









