اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے رمضان ریلیف پیکیج کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان ریلیف پیکیج 2025 کے تحت پیسے مستحقین تک ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے پہنچائے جا رہے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پرائم منسٹر رمضان ریلیف پیکیج 2025 کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں رمضان ریلیف پیکیج 2025 کے حوالے سے پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔دوران بریفنگ اجلاس کو بتایا گیا کہ اب تک 63 فیصد مستحقین کو رقم پہنچائی جا چکی ہے، ایسے تمام مستحق افراد جن کو رقم مل چکی ہے ان کی تمام تر دستاویزی تفصیلات موجود ہیں، رمضان ریلیف پیکیج کے حوالے سے 2224 ملازمین ڈیوٹی پر مامور ہیں، اب تک ڈیڑھ ملین سے زیادہ مستحقین کو ٹیلیفون کالز کی جاچکی ہیں۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے رمضان ریلیف پیکیج کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کی ہدایت کر دی۔وزیراعظم نے کہا کہ رمضان پیکیج پورے پاکستان بشمول گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کیلئے بلاتفریق متعارف کرایا گیا ہے، اس پیکیج کو شفاف بنانے کیلئے سٹیٹ بینک آف پاکستان، نادرا اور ٹیک اداروں کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ رمضان ریلیف پیکیج میں پیسے مستحقین تک ڈیجیٹل والٹ کے انتہائی سہل اور شفاف نظام کے ذریعے پہنچائے جا رہے ہیں، اس ماڈل کو دیگر حکومتی سکیموں میں اپنایا جائے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے رمضان ریلیف پیکیج کے حوالے سے ٹیلی کام کمپنیوں اور بینکوں کی جانب سے چلائی جا رہی آگہی مہم کو مزید مثر بنانے اور اس حوالے سے ایک جامع رپورٹ ترتیب دینے کی بھی ہدایت کر دی۔اجلاس میں وفاقی وزرا رانا تنویر حسین، احد چیمہ، عطا اللہ تارڑ، شزا فاطمہ، وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، معاون خصوصی ہارون اختر، چیئرمین نادرا، چیئرمین پی ٹی اے نے شرکت کی۔