اسلام آباد(نیوز رپورٹر )وزیراعظم شہباز شریف آج (پیر سے ) وسطی ایشیا کا اہم دورہ کریں گے ۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف آج(پیر کو) آذربائیجان کے دو روزہ دور ے پر روانہ ہونگے جبکہ 25 اور 26 تاریخ کو ازبکستان کا دو روزہ دورہ کریں گے۔
آذربائیجان اور ازبکستان کے دوروں میں، توانائی، دفاع، باہمی منسلکی، ٹرانسپورٹ منسلکی، تجارت و سرمایہ کاری پر مفاہمتی یادداشتوں و معاہدوں پر دستخط متوقع ہیں۔دورہ آذربائیجان کے دوران 2 ارب ڈالرز کے تجارت و سرمایہ کاری کے معاہدوں پر دستخط متوقع ہیں۔وزیراعظم کو دورے کی دعوت آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے دی تھی۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور کابینہ کے دیگر ارکان بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے۔باکو میں وزیراعظم آذربائیجان کی کاروباری شخصیات اور کمپنیوں کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
آذربائیجان میں وزیراعظم کی صدر الہام علئیوو اور آذربائیجانی قیادت سے ملاقاتیں ہوں گی آذربائیجان و ازبکستان کے دورے میں ٹرانس افغان ریلوے کوریڈور پر اہم بات چیت ہو گی۔اس منصوبے کے تحت وسطی ایشیا کی جنوبی ایشیا سے بذریعہ ریلوے منسلک کرنے پر بات چیت ہوگی۔
توانائی، تجارت، دفاع، تعلیم اور موسمیاتی تبدلی کے شعبوں میں تعاون مزید مضبوط ہوگا۔وزیراعظم آذربائیجان میں بزنس فورم سے کلیدی خطاب بھی کریں گے۔ جبکہ ان کا میزبان صدر کے ساتھ کاراباخ کا خصوصی دورہ بھی شیڈول میں شامل ہے۔
عہدہ سنبھالنے کے بعد سے وزیراعظم شہباز شریف کا آذربائیجان کا یہ دوسرا دورہ ہے۔علاوہ ازیں ازبکستان کے دورے میں وزیر اعظم شہباز شریف کی ازبک صدر شوکت میرزوئیوو اور وزیر اعظم عبداللہ ارئپوو سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔









