وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت انسداد پولیو ٹاسک فورس کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں بل گیٹس فاؤنڈیشن کے اعلیٰ نمائندوں، وفاقی وزراء، چاروں صوبوں اور دیگر اکائیوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان ہر بچے کو پولیو جیسے موذی مرض سے بچانے کے لیے پرعزم ہے اور اس جدوجہد میں فرنٹ لائن ورکرز کا کردار سنہری حروف میں لکھے جانے کے قابل ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام چیلنجز کے باوجود ہم اس ہدف کے حصول کے قریب ہیں۔ انسداد پولیو کے لیے ویکسینیشن مہم کو مزید مؤثر بنانے، عوامی شعور اجاگر کرنے اور ہر علاقے کی مخصوص ضروریات کے مطابق اقدامات کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہماری ترجیح پولیو ورکرز کی سیکیورٹی اور انہیں تمام ممکنہ سہولیات کی فراہمی ہے۔
شہباز شریف نے بل گیٹس فاؤنڈیشن، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور دیگر بین الاقوامی شراکت داروں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس قومی مشن میں پاکستان کا ساتھ دیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ جنوبی خیبرپختونخوا کے حساس علاقوں میں خصوصی مہمات ترتیب دی جا رہی ہیں تاکہ وائرس کا مکمل خاتمہ ممکن ہو سکے۔
انسداد پولیو پر وزیراعظم کی فوکل پرسن عائشہ رضا فاروق، وزیر قومی صحت سید مصطفیٰ کمال، اور دیگر اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی اور بریفنگ دی۔