لاہور( نمائندہ خصوصی)وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی اور رکن قومی اسمبلی حسین الٰہی نے زمان پارک میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی جس میں سیاسی صورتحال اور اعتماد کے ووٹ کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے اس موقع پر کہاکہ فرحان خان کو انڈین ایجنٹ سمجھ کر الٹا کر کے سارا جسم زخمی کیا۔ ایک محب وطن پاکستانی کا قصور کیا ہے، یہ پوری قوم کے لئے سوالیہ نشان ہے۔عمران خان نے وزیراعلی چودھری پرویز الٰہی کی فیملی ممبران کو نو فلائی لسٹ میں شامل کرنے کے اقدام کی مذمت کی او رکہاکہ وفاقی حکومت سیاسی انتقام میں اندھی ہو چکی ہے۔امپورٹڈ حکومت نے آئین و قانون کی دھجیاں اڑا دی ہیں ۔
پنجاب میں وفاقی حکومت کی شب خون مارنے کی سازش ناکام ہو گی ، پی ٹی آئی اور (ق)لیگ کے اراکین اسمبلی متحد ہیں اور وفاقی وزرا کو منہ کی کھانا پڑے گی۔وزیراعلی چودھری پرویز الٰہی نے کہاکہ سیاست میں کبھی انتقامی کارروائی کی اور نہ یقین رکھتے ہیں مچاہیے فرحان خان پر تشدد کی بات ہو یا بندے اٹھانے کی بات ہو، شہبازشریف اور رانا ثنا اللہ کی ہر سازش ناکام ہو گی،انشا اللہ، ناکامیاں شہباز شریف اور رانا ثنا اللہ کا مقدر ہیں،وفاقی حکومت اقتدار کے لالچ میں بدترین انتقامی کارروائیاں کر رہی ہے۔