وزیراعلیٰ خیبرپختون خوا سہیل آفریدی کا توہین عدالت کی درخواست دائر کرنے کا اعلان، ملاقات سے محرومی پر عدلیہ سے شفافیت کا مطالبہ

وزیراعلیٰ خیبرپختون خوا سہیل آفریدی نے عمران خان سے ملاقات نہ ہونے پر توہین عدالت کی پٹیشن دائر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ داہگل ناکے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ “ہم عدالت عظمیٰ سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ آئین کی بالادستی کو یقینی بنایا جائے کیونکہ تین ججز کے فیصلے پر عملدرآمد نہیں ہو رہا۔”

انہوں نے کہا کہ ملک میں انصاف کا نظام دباؤ میں نظر آتا ہے اور فیصلے کسی کے اشارے پر کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ “جس دن انصاف ہوگا، عمران خان جیل سے باہر ہوں گے۔” سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ ججز نے خود بھی مداخلت سے متعلق خط تحریر کیے ہیں، اس لیے انہیں چاہیے کہ وہ عوام کو بتائیں کہ فیصلوں میں اثرانداز ہونے والے عناصر کون ہیں۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ملاقات نہ ہونے کا یہ مطلب نہیں کہ وہ اپنے قائد کے پیغامات سے محروم ہیں۔ صحافی کے سوال پر کہ کابینہ کیوں نہیں بن رہی، انہوں نے کہا کہ “اصل سوال یہ ہے کہ مجھے بانی تحریک سے ملنے کیوں نہیں دیا جا رہا جبکہ میں عوامی مینڈیٹ سے منتخب نمائندہ ہوں۔”

دوسری جانب سہیل آفریدی کی واپسی کے موقع پر یوٹیوبرز اور پارٹی کارکنوں کے درمیان جھگڑا ہو گیا۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک یوٹیوبر نے وزیراعلیٰ کی گاڑی کی ویڈیو بنانے کی کوشش کی جس پر کارکن مشتعل ہو گئے۔ کارکنوں نے یوٹیوبر پر پارٹی رہنما علی امین گنڈاپور سے روابط اور مالی مفادات کے الزامات لگائے۔ موقع پر دیگر کارکنان نے صورتحال کو قابو میں کرنے کی کوشش کی۔

79 تبصرے ”وزیراعلیٰ خیبرپختون خوا سہیل آفریدی کا توہین عدالت کی درخواست دائر کرنے کا اعلان، ملاقات سے محرومی پر عدلیہ سے شفافیت کا مطالبہ

اپنا تبصرہ لکھیں