اسلام آباد – 17 اپریل 2025
وزیراعظم شہباز شریف نے ہنگری کے وزیر خارجہ پیٹر سیجارتو کے ساتھ ملاقات میں دو طرفہ تعاون کو وسعت دینے پر اطمینان کا اظہار کیا، خاص طور پر سفارتی پاسپورٹ ہولڈرز کے لیے ویزے کی شرط ختم کرنے اور ثقافتی و آثار قدیمہ کے شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کو سراہا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے ہنگری کے وزیراعظم وکٹر اوربان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور انہیں دورۂ پاکستان کی دعوت بھی دی۔ شہباز شریف نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان 60 سالہ سفارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے یہ ایک اہم موقع ہے۔
وزیراعظم نے ہنگری کے تجارتی وفد کا بھی خیرمقدم کیا، جو پاکستان-ہنگری بزنس فورم میں شریک ہوا۔ بات چیت میں عالمی و علاقائی امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا، اور اس بات پر زور دیا گیا کہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعاون ضروری ہے۔