وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف 24مئی سے چین کا دورہ کرینگے ، 5 ارب ڈالر کے معاہدوں کا امکان

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ چین میں 5 ارب ڈالر کے معاہدوں کا امکان ہے، 90 فیصد معاہدوں کی نوعیت بی ٹو بی اور 10 فیصد گورنمنٹ ٹو بزنس ہوگی۔

رپورٹ مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے آئندہ دورہ چین کے دوران 5 ارب ڈالر مالیت کے 100 سے زائد معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط متوقع ہیں۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم 24 سے 26 مئی تک چین کا اعلی سطح کا دورہ کریں گے، جہاں ان کی چینی صدر اور وزیراعظم سے اہم ملاقاتیں بھی ہوں گی، ملاقاتوں میں دوطرفہ تعاون، سرمایہ کاری اور خطے کی کشیدہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق پاکستان اور چین کے درمیان بزنس ٹو بزنس نئی سرمایہ کاری کیلئے تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہوچکی ہیں۔

مجوزہ معاہدوں میں 90 فیصد بی ٹو بی جبکہ 10 فیصد گورنمنٹ ٹو بزنس نوعیت کے ہوں گے۔دورہ چین کے دوران زراعت، پولٹری، ڈیری فارمنگ، فروٹس اینڈ ویجی ٹیبل پروسیسنگ، اینیمل ویکسین، فشریز، کولڈ چین، فرٹیلائزر، بیج اور زرعی ادویات سازی سے متعلق معاہدے متوقع ہیں۔اس کے علاوہ آئی ٹی، فن ٹیک، ای کامرس، کلاڈ کمپیوٹنگ اور ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبوں میں بھی متعدد ایم او یوز پر دستخط کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مشترکہ صنعتی پیداوار، موبائل فونز اور لیپ ٹاپ بیٹریز کی تیاری کے ساتھ ساتھ الیکٹرک وہیکل پارٹس اور ای وی چارجنگ اسٹوریج کی تیاری سے متعلق معاہدے بھی زیر غور ہیں۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے معاون خصوصی ہارون اختر خان کی زیرصدارت ایک ہائی لیول کمیٹی بھی قائم کردی ہے، جو چین کے ساتھ ہونے والے تمام ایم او یوز پر پیشرفت اور عملدرآمد کا ہفتہ وار جائزہ لے گی۔ذرائع نے بتایا کہ تمام متعلقہ وزارتوں اور ڈویژنز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایم او یوز پر پیشرفت اور درپیش مسائل سے متعلق ہائی پاورڈ کمیٹی کو باقاعدگی سے آگاہ کریں۔

اپنا تبصرہ لکھیں