ممبئی(سپورٹس ڈیسک)اکتوبر میں ہونے والے آئی سی سی ورلڈکپ میں پاک بھارت میچ کے ری شیڈول ہونے کا امکان ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہندو تہوار نوراتری کی وجہ سے بھارتی سکیورٹی اداروں نے احمد آباد کے میچ کی تاریخ بدلنے کا مشورہ دیا ہے، اسی لیے15اکتوبر کا میچ ری شیڈول ہوسکتا ہے۔احمد آباد میں روایتی انداز میں ہندو برادری اپنی رسومات ادا کرتی ہیں،سکیورٹی اداروں نے مذہبی تہوار کی وجہ سے ہائی پروفائل میچ کی سکیورٹی مشکل قرار دی ۔رپورٹس کے مطابق 15اکتوبر کو نوراتری کا پہلا دن ہوگا۔
اور اس روز گجرات بھر میں گربا کھیلا جاتا ہے جس کی وجہ سے بہت ہجوم ہوتا ہے اور یہ ہی وجہ ہے کہ سکیورٹی اداروں نے میچ کی تاریخ تبدیل کرنے کا مشورہ دیا ہے۔بی سی سی آئی آفیشل کے مطابق سکیورٹی اداروں کے مشورے کے بعد اب ہم مختلف آپشنز پر غور کررہے ہیں اور حتمی تاریخ کا اعلان جلد کردیا جائے گا ، ہمیں سکیورٹی ایجنسیوں کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ پاک بھارت جیسی ہائی پروفائل گیم،
جس کے لیے ہزاروں شائقین سفر کرکے احمد آباد پہنچیں گے،نوراتری کی وجہ سے متاثر ہوسکتا ہے۔اس کے علاوہ بھارتی صحافی اور چند میڈیا رپورٹس کے مطابق پاک بھارت میچ اتوار کی بجائے 14اکتوبر یعنی بروز ہفتے کو ہوسکتا ہے لیکن میچ ایک روز پہلے کرنے کی صورت میں پاکستان کو لاجسٹک مسائل ہوسکتے ہیں۔واضح رہے کہ ایونٹ کا آغاز 5اکتوبر سے ہورہا ہے اور پاکستان ٹیم کو 12اکتوبر کو بھی حیدرآباد میں میچ کھیلنا ہے۔