نادیہ خان

والد کی خدمت پر اللہ نے مجھے بے شمار کامیابیوں سے نوازا‘ نادیہ خان

کراچی (شوبز ڈیسک) معروف اداکارہ و میزبان نادیہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ والد کی خدمت اور ان کی خواہشات کا خیال رکھنے کی بدولت اللہ تعالی نے مجھے زندگی میں بے شمار نعمتوں اور کامیابیوں سے نوازا۔

ایک شو میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرا ماننا ہے کہ اللہ تعالی نے مجھے جو کچھ بھی عطا کیا ہے، اس میں میرے والد کی خدمت کا بہت بڑا حصہ ہے، میری عادت ہے کہ جب بھی میرے ابو سفر کرتے ہیں تو وہ ہمیشہ اکانومی کلاس کی ٹکٹ لیتے ہیں، لیکن میں اسے بزنس کلاس میں اپ گریڈ کر دیتی ہوں، میں اپنے لیے تو شاید کبھی ایسا نہ سوچوں، مگر اپنے ابو کے لیے ضرور کرتی ہوں۔

اداکارہ نے کہا کہ اللہ تعالی نے ان کی خدمت کا مجھے بہت اجر دیا، وہ اب کافی عمر رسیدہ ہو چکے ہیں، لیکن آج بھی اچانک انہیں وہ تمام مواقع یاد آ جاتے ہیں جب میں نے ان کا خیال رکھا اور انہیں سہولت فراہم کی۔نادیہ خان نے کہا کہ بہت کم بچے ایسے ہوتے ہیں جو اپنے والدین کی خواہشات کو یاد رکھتے ہیں اور انہیں پورا کرنے کی کوشش کرتے ہیں، ہم سب کو اپنے والدین کی خواہشات کا خیال رکھنا چاہیے، کیونکہ والدین عموما اپنی خوشیوں اور ضروریات کو ہمیشہ پسِ پشت ڈال دیتے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں