لاہور(کامرس ڈیسک)واٹر اینڈسینی ٹیشن ایجنسی ( واسا)نے پانی کے بلوں میں 200فیصد تک اضافہ کر دیا ،
گھریلو ،کمرشل اور صنعتی صارفین کے بلوں میں اضافہ کیا گیا ہے ۔ پانی کے بلوں میں اضافے کے تناسب کے مطابق سات مرلہ گھر کا بل 550کی بجائے 1500روپے ماہوار ،دس مرلے کے گھر کا بل 650سے بڑھاکر 1800روپے اور ایک کنال گھر کابل 1300سے بڑھ کر 3ہزار سے زائد کر دیا گیا ،بڑی رہائشگاہ کے بلوں میں بھی اسی تناسب سے اضافہ کیا گیا ہے۔
کمرشل اور صنعتی صارفین کے بلوں میں بھی بھاری بھرکم اضافہ کیاگیا ہے ۔کمرشل صارفین کا 6مرلے کی پراپرٹی کے بل میں 3300روپے تک اضافہ کیا گیا ہے ۔ حکام کے مطابق محکمہ واسا 5ارب روپے سالانہ خسارہ برداشت کرتا ہے جس کی بنیادی وجہ بجلی، پٹرول اور دیگر اخراجات کا بڑھنا ہے لہٰذامجبورا واسا کے بلوں میں اضافہ کیا گیا۔









