ہیملٹن (سپورٹس نیوز)نیوزی لینڈ نے پاکستان کو دوسرے ون ڈے میچ میں 84رنز سے شکست دے کر 3 میچز کی سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔
سیریز کا آخری میچ 5 اپریل کو کھیلا جائے گا۔ہیملٹن میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے 293 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے بعد جواب میں قومی ٹیم 208 رنز بنا سکی۔نیوزی لینڈ نے مچل ہی کے 99 رنز کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 292 رنز بنائے۔
پاکستانی بالرز نے اننگ کی شروعات میں اچھی کارکردگی دکھاتے ہوئے کیوی بیٹرز کو جارحانہ کھیل کھیلنے سے روکے رکھا۔نیوزی لینڈ کے اوپنر رائس ماریو 18 رنز کی اننگ کھیل کر آوٹ ہوئے، انہیں محمد وسیم نے آوٹ کیا، ان کے ساتھ آئے نک کیلی کو حارث روف نے پویلین کی راہ دکھائی، نک کیلی نے 31 رنز بنائے۔اسی طرح ہنری نکولس 22، ڈیرل مچل 18، کپتان مائیکل بریسویل نے 17 اور محمد عباس نے 41 رنز کی اننگ کھیلی۔ ناتھن اسمتھ 8 اور بین سیئرز 6 رنز بناکر آوٹ ہوئے۔ساتویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آئے مچل ہی نے نیوزی لینڈ کی بیٹنگ کو سہارا دیتے ہوئے 78 بالز پر 99 رنز کی عمدہ اننگ کھیلی اور ناٹ آوٹ رہے۔
ان کی اننگ میں 7 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔پاکستان کی جانب سے محمد وسیم اور سفیان مقیم نے 2، 2 جبکہ فہیم اشرف، عاکف جاوید اور حارث روف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔پاکستان ٹیم نے ہدف کے تعاقب کا آغاز مایوس کن انداز میں کیا، کیوی فاسٹ بولرز کے سامنے اوپنرز سمیت مڈل آرڈر بھی ناکام ثابت ہوا۔آدھی ٹیم صرف 11.4 اوورز میں ہی واپس پویلین لوٹ گئی، ابتدائی 5 بیٹرز ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔عبداللہ شفیق 1، امام الحق 3، بابر اعظم 1، کپتان محمد رضوان 5 اور سلمان آغا 9 رنز بنا کر آٹ ہوئے۔
آدھی ٹیم کے آٹ ہونے کے بعد ایک اینڈ سے وکٹس گرتی رہیں تاہم دوسرے اینڈ سے فہیم اشرف نے مزاحمت جاری رکھی اور انہوں نے اس دوران اپنی نصف سنچری مکمل کی۔فہیم اشرف کی مزاحمت 73 رنز تک ہی چل سکی اور 37.4 اوورز میں پاکستان کی نویں وکٹ 174 رنز پر گر گئی۔محمد وسیم 1، طیب طاہر 13 اور عاکف جاوید 8 رنز بنا کر آٹ ہوئے۔حادثاتی طور پر ٹیم میں شامل ہونے والے نسیم شاہ نے اچھی بیٹنگ کی اور انہوں نے بھی اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ وہ 51 رنز بنا کر آٹ ہوئے جبکہ سفیان مقیم 13 رنز پر ناٹ آٹ رہے۔واضح رہے کہ ہفتے کے روز کھیلے گئے ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 73 رنز سے شکست دی تھی۔