لاہور(سپورٹس ڈیسک)نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں نئی سنتھیٹک ٹرف بچھانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے،نگران مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض نے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں سنتھیٹک ٹرف بچھانے کا افتتاح کیا۔
مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض نے کہاکہ ہاکی کی بحالی کیلئے پہلا قدم اٹھایا ہے، نئی سنتھٹک ٹرف بچھانے کے منصوبے پر 16 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔
وہاب ریاض نے کہاکہ ہاکی کے کھلاڑیوں کو عالمی معیار کے مطابق سہولت فراہم کر رہے ہیں، پاکستان میں انٹرنیشنل ہاکی واپس لائیں گے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل ہاکی اسٹیڈیم دنیا کا سب سے بڑا ہاکی اسٹیڈیم ہے اسے مزید بہتر بنائیں گے، ایف آئی ایچ کی منظوری کے بعد ہاکی کا انٹرنیشنل ایونٹ کرایا جائے گا، جلد ہاکی نیشنل سائیڈ ایونٹ کرائیں گے۔
مشیر کھیل پنجاب نے کہاکہ نیشنل ہاکی ایونٹ میں ملک بھر کے کھلاڑی حصہ لیں گے، نجی شعبے کے تعاون سے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم کو اپ گریڈ کریں گے۔وہاب ریاض کے مطابق نئی سنتھٹک ٹرف بچھانے والی کمپنی نے پلوں کے نیچے فٹسال گراؤنڈ بنا کر دینے کی پیشکش کی ہے۔









