اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف "آپریشن رائزنگ لائن” مکمل طور پر کامیاب رہا، اور اسرائیل نے اپنے تمام مقاصد حاصل کر لیے — بلکہ ان سے بھی بڑھ کر نتائج حاصل کیے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق، گزشتہ رات نیتن یاہو نے کابینہ، وزیر دفاع اور خفیہ ادارے موساد کے سربراہ کے ساتھ ایک اہم مشاورتی اجلاس میں شرکت کی، جس کے بعد آپریشن کی کامیابی کا باضابطہ اعلان کیا گیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایران کے جوہری اور بیلسٹک میزائل پروگرامز کو لاحق "دوہرا اور فوری خطرہ” مؤثر طریقے سے ختم کر دیا گیا ہے۔
اسرائیلی فضائیہ نے مبینہ طور پر تہران کی فضائی حدود پر کنٹرول حاصل کر لیا، ایرانی عسکری قیادت کو شدید نقصان پہنچایا، اور حکومت کے متعدد اہم اہداف کو نشانہ بنا کر تباہ کیا گیا۔
بیان کے مطابق، اسرائیل نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ مکمل مشاورت کے بعد جنگ بندی کی تجویز قبول کر لی ہے۔ تاہم اسرائیلی حکومت نے خبردار کیا ہے کہ اگر کسی بھی قسم کی خلاف ورزی ہوئی تو "سخت ترین ردعمل” دیا جائے گا۔
یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں کشیدگی میں وقتی کمی دیکھنے میں آ رہی ہے، لیکن فضا اب بھی بے یقینی سے بھرپور ہے۔