کراچی (نمائندہ خصوصی)نگراں وزیراعلی سندھ جسٹس (ر)مقبول باقر نے جڑانوالہ واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدم برداشت اور پرتشدد انتہا پسندی اسلام کے اصولوں کے منافی ہے۔
جمعہ کو وزیراعلی ہاؤس سے جاری بیان میں نگراں وزیراعلی نے کہا کہ جڑانوالہ واقعے نے انہیں دکھ پہنچایا ہے، ایسے واقعات سے ہمارے معاشرے اور ملک کی بدنامی ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں رواداری کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینا چاہیے۔ جسٹس باقر نے مختلف مذہبی اکابرین و دیگر مقتدائے اعظم پر زور دیا کہ وہ مختلف عقائد کے لوگوں کے درمیان امن، رواداری اور بھائی چارے کو فروغ دینے کیلئے آگے آئیں۔









