اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)نگران وفاقی وزیر برائے تجارت و صنعت گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ پاکستان کے عالمی تجارتی رابطوں کو مستحکم کرنے کے لیے بڑے شہروں میں بزنس پارکس قائم کرنے کا پلان ہے،ملک کی برآمدات میں اضافے کے لیے سٹریٹجک نقطہ نظر اپنانے کی ضرورت ہے۔
وزارت صنعت و تجارت سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہارانہوں نے ممتاز ایکسپورٹرز اور تاجروں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا جنہوں نے منگل کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ڈاکٹر گوہر اعجاز نے تجارت کو بڑھانے کے لیے ملک میں بزنس پارکس کے قیام کا اعلان کیا۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کے عالمی تجارتی رابطوں کو مستحکم کرنے کے لیے بڑے شہروں میں بزنس پارکس قائم کرنے کا پلان ہے۔
گوہر اعجاز نے کہاکہ ملک کی برآمدات میں اضافے کے لیے سٹریٹجک نقطہ نظر اپنانے کی ضرورت ہے، تاجروں کے لیے یہ پارکس یا سہولت مراکز تجارتی تعلقات کو بڑھانے اور اقتصادی ترقی کو آگے بڑھانے کے لیے بنائے جائیں گے،پاکستان کی برآمدی صلاحیت کو بروئے کار لانے کے لیے تمام ممکن راستے تلاش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مجوزہ بزنس پارکس عالمی سطح پر پاکستان کی معاشی ترقی اور خوشحالی کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوں گے،
بزنس پارکس کی قیام کے حوالے سے بزنس کمیونٹی سے تجاویز مانگی ہی،۔ مقامی کاروباری برادری کے زیر انتظام بائنگ ہاؤسز اور کرائے کی عمارتوں کا استعمال بھی زیر غور ہے، ان اقدامات کا مقصد ملکی اور غیر ملکی تاجروں کو سہولت فراہم کرنا ہے۔