پشاور(نمائندہ خصوصی)خیبرپختونخوا کے نگران وزیر برائے ٹرانسپورٹ شاہد خٹک نے ذاتی مصروفیات کی وجہ سے وزارت سے استعفیٰ دیدیا۔
میڈیا سے گفتگو میں شاہد خٹک نے کہا کہ ذاتی مصروفیات کی وجہ سے خود استعفیٰ دیا ہے جو بذریعہ فیکس نگران وزیر اعلی اور چیف سیکرٹری کو ارسال کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے علم نہیں کہ میرا استعفیٰ منظور ہوا ہے یا نہیں، وزارت سے مستعفی ہو رہا ہوں تاہم سیاسی سرگرمیاں جاری رکھوں گا ۔
شاہد خٹک نے کہا کہ زندگی اور صحت رہی تو آئندہ عام انتخابات میں حصہ لوں گا۔ انہوں نے کہا مجھے اپنی ٹیم کا حصہ بنانے پر وزیراعلی کا مشکور ہوں ۔ واضح رہے الیکشن کمیشن نے نگران صوبائی وزیر شاہد خٹک کی اے این پی کے جلسے میں شرکت اور خطاب پر نوٹس لیتے ہوئے وزارت سے ہٹانے کا حکم دیا تھا۔